کمٹہ 7/اکتوبر (ایس او نیوز/ سجاد قاضی) یہاں مرجان نیشنل ہائی وے 66 پر ہوئے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ چھ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو کمٹہ سرکاری اسپتال سے طبی امداد پہنچانے کے بعد زائد علاج کے لئے منی پال، مینگلوراور ہوناور اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ حادثہ جمعہ کی اولین ساعتوں میں قریب 6:30 بجے پیش آیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق چار بچوں سمیت آٹھ لوگ سویفٹ کارپرسوارگوا انٹرنیشنل ائرپورٹ سے واپس سڈلگی (ہوناور)جارہے تھے کہ تیز رفتار کارغالباً نیند کے غلبے سے بے قابو ہوکر سڑک کنارے بریج کی دیوار سے ٹکراگئی۔ ٹکر لگتے ہی ایک چھ سالہ لڑکا عبدالکریم خان اوراس کے مامو عبدالماجد خان (42) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ کار کی ڈرائیونگ عبدالماجد خان ہی کررہے تھے۔
خبر کے مطابق عبدالماجد خان اپنے چھوٹے بھائی مُشیرخان کوگوا ائرپورٹ ڈراپ کرکے واپس سڈلگی آرہے تھے۔ حادثے میں مُشیر خان کی اہلیہ فاطمہ ندیٰ بھی زخمیوں میں شامل ہے، جس کا تعلق بھٹکل مخدوم کالونی سے ہے۔ خبر ملی ہے کہ فاطمہ ندیٰ (21) کوہوناورکے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثے میں شدید زخمی ہونے والوں کو مینگلوراور منی پال اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن کی شناخت انتقال کرنے والے عبدالکریم شیخ کی والدہ نذیرہ بی صلاح الدین شیخ (35)، اس کی بیٹی مسیحہ صلاح الدین شیخ (15)، انتقال کرنے والے عبدالماجد خان کی اہلیہ جمیلہ بی (30)، اس کے دو بیٹے عبدالجّواد خان (10) اور ڈیڑھ سالہ بچہ عبدالکریم خان کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
انتقال کرنے والے عبدالماجد خان اور عبدالکریم کی میت قریب گیارہ بجے کمٹہ سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کی گئی، جہاں سے ایمبولنس کے ذریعے سڈلگی لے جائی گئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پوری فیملی مشیرخان کو گوا ائرپورٹ چھوڑنے جارہے تھے، بتایا گیا ہے کہ مشیر خان سعودی عربیہ کے شہر ریاض جانے کے لئے روانہ ہوا تھا۔
کمٹہ پولس تھانہ میں حادثے کی تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے۔